نیویارک ، 2 ؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )اقوام متحدہ نے ہندوستان اور پاکستان دونوں ممالک سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے تخلیقی انداز سے کام کرنے کی پھرسے اپیل کی اور آج کہا کہ وہ کشمیر میں کشیدہ حالات پر نظر بنائے رکھے گا۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے نائب ترجمان فرحان الحق نے یہاں کہاکہ اقوام متحدہ نے بار باردونوں فریق کو اس مسئلے پر ایک دوسرے کے ساتھ تخلیقی انداز سے کام کرنے کی ضرورت کے بارے میں پیغام دیا ہے اور ہم ہندوستان اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ (یواین ایم او جی آئی پی) کے ذریعے حالات پر نظر بنائے رکھیں گے۔حزب المجاہدین کے جنگجو برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں پیدا ہوئی بدامنی پر ایک پاکستانی صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔جب حق سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی سیکورٹی فورسز اقوام متحدہ کے حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہیں ؟اس پر حق نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے کام کا ذکر کیا۔حق سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا پیلیٹ گن کے استعمال پر روک لگانے کا اقوام متحدہ کا کوئی منصوبہ ہے جن کا استعمال سیکورٹی فورسز کشمیر میں مظاہرین کے خلاف کر رہی ہیں۔نائب ترجمان نے کہا کہ ان کے پاس کشمیر پر اقوام متحدہ کے رخ کا اعادہ کرنے کے علاوہ مزید کچھ کہنے کے لیے نہیں ہے۔اقوام متحدہ نے کشمیر میں کشیدہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔بان کی مون نے گزشتہ مہینہ سبھی فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے کی اپیل کی تھی تاکہ تشدد کو روکا جا سکے اور امید کی تھی کہ سبھی خدشات پرامن طریقہ سے دور کی جائیں گی۔بان کی مون کے ترجمان نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کشمیر میں ہوئے حالیہ تشدد پر قریبی نگاہ رکھ رہے ہیں اور انہیں درجنوں افراد کی ہلاکت اور بہت سے دیگر لوگوں کے زخمی ہونے کا افسوس ہے۔